Home / Maulana Raziul Islam Nadvi – مصنف کے بارے میں

Maulana Raziul Islam Nadvi – مصنف کے بارے میں

maulana raziul islam nadvi

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی، ( Maulana Raziul Islam Nadvi ) (پ: ۱۹۶۴ء) ہندوستان کے ایک معروف مصنف اور محقق ہیں۔ موضوع کی وسعت ، لہجے کا وقار اور اسلوب کی سنجیدگی و متانت ان کی تحریروں کی اہم خصوصیات ہیں۔

                ڈاکٹرصاحب نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی وطن ضلع بہرائچ (یو۔ پی) میں اور ثانوی تعلیم مرکزی درس گاہ رام پور سے حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے انھوں نے ۱۹۸۱ء میں بر صغیر کی عظیم دانش گاہ ،دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کا رخ کیا اور وہاں سے عا  لمیت اور ۱۹۸۳ء میں فضیلت کی اسناد حاصل کیں۔ ۱۹۸۹ء میں علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے اجمل خاں طبیہ کالج سے بی۔ یو۔ ایم۔ ایس اور ۱۹۹۳ء میں ایم۔ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔

                ڈاکٹرصاحب ربع صدی سے لکھ رہے ہیں۔ قومی و بین الاقوامی سمیناروں اور مذاکروں میں ان کی شرکت رہتی ہے؛ اور بیرونِ ہند کے رسائل و جرائد میں ان کے علمی و تحقیقی مضامین اور عربی مضامین کے معیاری ترجمے، شائع ہوتے رہتے ہیں۔ موصوف کی اب تک کئی درجن کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں، جن میں تالیفات کے علاوہ ترتیبات اور تراجم بھی شامل ہیں ۔

                موصوف کی تالیفات میں، قرآن اہل کتاب اور مسلمان، حضرت ابراہیمؑ: امام انسانیت، حقائق اسلام ، کفر اور کافر: قرآن کی روشنی میں، زندگی کے عام فقہی مسائل (تین جلد)، گھریلو تشدد اور اسلام، بر صغیر میں مطالعہ قرآن، اہل مذاہب کو قرآن کی دعوت اور اکیسویں صدی کے سماجی مسائل اور اسلام بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ تراجم میں اسلامی زندگی کتاب و سنت کی روشنی میں(محمد علی ہاشمی)، قرآن کریم کا اعجاز بیان (بنت الشاطی)، عہد نبویؐ کا نبوی معاشرہ (سید محمد لقمان اعظمی)، اسلام اور مغرب کی کشمکش (سید قطب شہیدؒ) ، حجیت ِسنت (عبد الغنی عبد الخالق) اور سیرت رسولؐ: دروس و نصائح (محمد سعید رمضان البوطی) کو خصوصی مقبولیت حاصل ہے۔

                ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی ( Maulana Raziul Islam Nadvi ) کا تصنیف، تالیف ، ترتیب اور ترجمے کا سفر پورے آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ ڈاکٹر صاحب ملک کے عظیم تحقیقی ادارے ’ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی‘ ( علی گڑھ)سے ایک طویل مدت (۱۹۹۴ء تا ۲۰۱۱ء) تک وابستہ رہے۔ اس وقت جماعت اسلامی ہند کے شعبۂ تصنیفی اکیڈمی کے سکریٹری اور ہندوستان کے معروف علمی و تحقیقی سہ ماہی مجلہ ’تحقیقات اسلامی‘ کے مدیر معاون ہیں ۔  

Facebook profile : Maulana Mohammed Raziul Islam Nadvi